لاہور: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے نیدرلینڈز کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ کے اعلان پر تنقید کی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو شعیب ملک کو متبادل نہیں ملا انہیں ایشیا کپ اور دورہ نیدرلینڈز سے ڈراپ کرنا حیران کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شعیب ملک اور شان مسعود کو نظر انداز کیا گیا ہے دونوں کھلاڑی مڈل آرڈر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے تھے۔
مزید پڑھیں: حسن علی ایشیا کپ میں کیوں شامل نہیں ہوسکے؟
عاقب جاوید نے کہا کہ افتخار احمد گزشتہ چند سالوں سے ٹیم سے ان اور آؤٹ ہورہے ہیں جبکہ آصف علی اور خوشدل شاہ کی بیٹنگ ایک جیسی ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ اور نیدرلینڈز کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، قومی اسکواڈ میں حسن علی، سرفراز احمد، شان مسعود اور شعیب ملک کو شامل نہیں کیا گیا۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر حسن علی کو آرام دیا گیا جبکہ ان کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اے سی سی کے شیڈول کے مطابق ایشیا کپ 2022 کا افتتاحی میچ 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا اور 28 اگست کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی جبکہ 2 ستمبر کو پاکستان ٹیم کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
پہلے مرحلے کے بعد دونوں گروپس سے 2، 2 ٹیمیں سپر فور میں جگہ بنائیں گی جس میں ہر ٹیم 3 میچز کھیلے گی۔
سپر فور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 4 ستمبر کو متوقع ہے جبکہ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔