جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

عدالت میں نام لینے پر وسیم اکرم نے دھمکی دی، عاقب جاوید

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ جسٹس قیوم کے سامنے بیان دینے پر وسیم اکرم نے ٹیم ممبر کے ہمراہ دھمکی بھجوائی کہ ٹکڑے ٹکڑے کردوں گا، تعاون نہیں کیا تو ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آر میں وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے انکشاف کیا کہ ’’میں نے کھلاڑیوں کے نام لینا شروع کیے تو مقدمہ جج کے چیمبر میں منتقل کردیا گیا، جسٹس قیوم کے سامنے جو بیان دیا وہ رپورٹ کا حصہ نہیں‘‘۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ جج صاحب کے سامنے جن لوگوں کے نام لیے اور جو کچھ بتایا وہ رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا، کھلاڑیوں کے نام سامنے لانے پر وسیم اکرم نے سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ وسیم اکرم نے ٹیم ممبر کے ذریعے دھمکی بھجوائی کہ اگر نام لیا گیا تو چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کردیں گے اور اگر تعاون نہیں کیا تو ٹیم میں منتخب نہیں کیا جائے گا۔

بعد ازاں کرکٹ کرپشن کے اہم کردار اور سابق کرکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ مجھ پر بیان بدلنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، پاکستان میں سچ بولنے والے ہی کو سزا ملتی ہے، مجھ سے پہلے کسی نے میچ فکسنگ کی بات نہیں کی تھی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بیان بدلنے کے لیے مجھ پر کس نے دباؤ ڈالا ؟ یہ میں ابھی نہیں بتاسکتا، لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ پیک ٹائم پر میرا کیرئیر تباہ کردیا گیا، وسیم اکرم نے کچھ کیا تھا تو انہیں فائن کیا۔

دبئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کتاب لکھ رہا ہوں اس میں انکشافات کروں گا، دبئی میں بچوں کی کوچنگ کررہا ہوں، کچھ عرصے میں پاکستان واپس آؤں گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں