ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ کی کہانی سے متعلق ڈائریکٹر اے آر مروگادوس نے لب کشائی کر دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ساجد ناڈیاڈوالا کی فلم ’سکندر‘ کو اے آر مروگادوس ڈائریکٹ کر رہے ہیں جس میں سلمان خان اور رشمیکا مندانا مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
مداحوں کی جانب سے فلم کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ سلمان خان کی اس سے کی پہلی فلم ہوگی جس میں وہ پہلی بار رشمیکا مندانا کے ساتھ جلو گرہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی فلم ”سکندر“ کب ریلیز ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
فلم کے ٹیزر اور گانوں نے مداحوں کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ہے۔ شائقین آفیشل ٹریلر کے انتظار میں ہیں اور ایسے میں ڈائریکٹر اے آر مروگاداس نے فلم کی کہانی کے بارے دلچسپ گفتگو کی۔
ایک تقریب میں اے آر مروگاداس سے پوچھا گیا کہ کیا ’سکندر‘ میں بھی ’گجنی‘ کی طرح جذباتی گہرائی اور سنسنی خیز ایکشن سیکوئنس کا امتزاج ہوگا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ جی ہاں، یہ نہ صرف ایک بڑی فلم ہے بلکہ اس میں خاندانی جذبات بھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’گجنی‘ بوائے فرینڈ اور گرل فرینڈ کی محبت کی کہانی تھی لیکن یہ شوہر اور بیوی کے رشتے کے بارے میں ہے، اس میں دکھایا گیا ہے کہ آج کل جوڑے ایک دوسرے کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں اور ہم اپنے تعلقات میں کیا کھو رہے ہیں، یہی فلم کی خاص بات ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ’گجنی‘ شائقین کو ایک سائیکو تھرلر لگ رہی تھی لیکن عامر اور آسین کی محبت کی کہانی سرپرائز تھی، اسی طرح ’سکندر‘ میں بھی محبت کا ایک عنصر ہے جو سامعین کو متحرک کرے گا، یہ سلمان خان کے کیریئر میں ایک اہم فلم ہوگی۔
’یہ صرف ایک تفریحی فلم نہیں بلکہ ایکشن اور جذبات کے ساتھ ساتھ یہ بڑے پیمانے پر دیکھنے والوں کو جڑے گی۔ ہم نے ایک ایسی فلم بنائی ہے جس سے سلمان خان کے مداحوں سے لے کر فیملیز تک سبھی لطف اندوز ہوں گے۔‘
فلم ہدایتکار نے یہ بھی اظہار کیا کہ جن لوگوں نے سلمان خان کو ’میں نے پیار کیا‘ اور ’ہم آپ کے ہیں کون‘ جیسی فلموں میں پسند کیا وہ ’سکندر‘ کو بھی پسند کریں گے۔