ارجنٹائن میں ایک 51 منزلہ عمارت میں آتش زدگی کے باعث کئی منزلیں لپیٹ میں آ گئیں، گیارویں منزل پر لگنے والی آگ نے 9 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پورٹو مادیرو میں منگل کو 51 منزلہ اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ لگنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں پھنسے ہوئے 100 سے زائد افراد کو بہ حفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ارجنٹائن کے دارالحکومت میں ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ٹاور پر ہونے والے حادثے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تاہم تقریباً 40 افراد کو موقع پر دھویں کے باعث طبی امداد فراہم کی گئی اور 3 کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق آگ بیونس آئرس شہر کی بلند ترین رہائشی عمارتوں میں سے ایک کی 11 ویں منزل پر دوپہر کے قریب لگی اور فوری طور پر اس پر قابو پا لیا گیا، تاہم آگ لگنے کی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہو سکا ہے۔
فرض شناسی یا بے وقوفی؟ دل کا دورہ پڑنے کے بعد مریض کو اسپتال کے بجائے دفتر جانے کی فکر
رہائشی افراد نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس عمارت میں آگ لگنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، 6 ماہ میں کمپلیکس میں یہ تیسری آگ تھی، عمارت میں ارجنٹائن کے سابق پروفیشنل فٹبالر ماریانو پاوون کی بھی رہائش ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب انھوں نے دھواں دیکھا تو اپنے بیٹے اور کتے کو ساتھ لے کر عمارت سے نکل آیا۔