جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کرونا وائرس، صدرِ مملکت کی علما کرام سے اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف مکاتب فکر کے جید علما کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا ایس او پیز پر عمل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف مکاتب فکر کے 14علما سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں کرونا کی موجودہ صورت حال اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مفتی محمد تقی عثمانی، پیر امین الحسنات، پیر نقیب الرحمان، راجہ ناصر عباس، مولانا حنیف جالندھری اور مولانا راضب حسین نعیمی سے بھی گفتگو کی۔

- Advertisement -

صدر عارف علوی نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حلقے میں موجود لوگوں میں ایس او پیز کی اہمیت کو اجاگر کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے میں اپنا کردار بھی ادا کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’علما کرام لوگوں کو ماسک پہننے اور وبا کی روک تھام کیلئے حکومت سے تعاون کی تلقین کریں، نمازیوں اور شہریوں کو بتائیں کہ حضورﷺ نے بھی وبا سے بچنےکیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تلقین کی‘۔

ڈاکٹر عارف علوی نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ اس کڑے امتحان میں قوم کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کریں۔

 صدارتی ترجمان کے مطابق علما کرام نے بین المذاہب اور بین المکاتب ہم آہنگی کیلئے ڈاکٹر عارف علوی کے کردار کی تعریف بھی کی جبکہ مفتی تقی عثمانی نے انسدادکرونا کیلئے صدرعارف علوی کے کردار کو بھی سراہا۔

قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید ایک سو چھیالیس مریض جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 17 ہزار 957 تک پہنچ گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 48 ہزار 740 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 4 ہزار 696 رہی، چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح  9.63 فی صد رہی، جس کے بعد پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہو گئی ہے، جن میں سے 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 490 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 90 ہزار 553 تک پہنچ گئی، اب تک ملک میں 1 کروڑ، 18 لاکھ 36 ہزار 866 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں کیسز کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 182 تک پہنچ چکی ہے جبکہ صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 2 لاکھ 83 ہزار 560 ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں