منگل, مارچ 4, 2025
اشتہار

ارمغان کے ریمانڈ کے حوالے سے عدالت نے اہم فیصلہ جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں تفتیشی افسر نے آج منگل کو ملزم ارمغان کو مزید ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزم کا میڈیکل کرایا گیا ہے؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا جی کروایا ہے۔

ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے دن ارمغان پر تشدد کیا گیا تھا، اب تک ملزم کو پولیس کسٹڈی میں 15 دن ہو چکے ہیں، اور اب ان کے پاس کسٹڈی رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے آلہ قتل سے دیگر کو بھی زخمی کیا، وہ ریکور کرانا ہے، اور ملزم کراچی سے باہر گیا اس کے شواہد لینے ہیں، جب کہ ملزم سے جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

عدالت نے پوچھا کہ ملزم پر کتنی ایف آئی آر ہیں؟ سرکاری وکیل نے بتایا ہمارے پاس ملزم کے خلاف چار ایف آئی آرز ہیں۔ کیس کی سماعت کے بعد اے ٹی سی نے ارمغان کے ریمانڈ میں چھ دن کی توسیع کر دی۔

مصطفی عامر قتل کیس : ملزم ارمغان کے گھر سے ملنے والے جدید اسلحے کا مکمل فرانزک نہ ہوسکا

واضح رہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے گھر سے ملنے والے جدید اسلحے کا مکمل فارنزک تاحال نہیں ہو سکا ہے، ذرائع فارنزک ڈپارٹمنٹ سندھ پولیس کے مطابق سی آئی اے نے بھی ارمغان کے گھر سے ملنے والے جدید اسلحے کے فارنزک میں دلچسپی نہیں دکھائی۔

سی آئی اے نے ارمغان سے مقابلے میں استعمال اسلحے اور جائے وقوعہ سے ملنے والے خولوں کی محدود جانچ کروائی ہے، سی آئی اے کی ٹیم کو مقابلے کی جائے وقوعہ سے 24 خول ملے تھے، ارمغان نے پولیس مقابلے میں ایک سے زائد ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا، ذرائع فارنزک ڈپارٹمنٹ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ فارنزک ڈپارٹمنٹ صرف یہی تعین کر پایا ہے کہ جو اسلحہ مقابلے میں چلا وہ قابل استعمال ہے، فارنزک ڈپارٹمنٹ یہ بھی تعین کر پایا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے خول ارمغان سے ملنے والے اسلحے کے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں