کراچی: ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ ٹیم نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی کردار ارمغان کی بیش قیمت اوڈی کار تحویل میں لے لی۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی اینٹی منی لانڈرنگ ٹیم نے خیابان مومن، ڈیفنس میں ارمغان کے گھر پہنچ کر تلاشی لی، ایف آئی اے ٹیم نے گزشتہ روز سرچ وارنٹ حاصل کیے تھے۔
سرچ ٹیم میں ایف آئی اے کے سینئر افسران اور اہلکار شامل تھے، اور اس نے گزری تھانے کی پولیس کی موجودگی میں گھر کی تلاشی لی، اس دوران ایف آئی اے ٹیم نے ٹرک منگوا کر ارمغان کے گھر سے قیمتی گاڑی کو لفٹ کیا۔
ایف آئی اے ٹیم کی جانب سے انوینٹری تیار کی گئی، جس کے مطابق گھر سے مزید 18 لیپ ٹاپ اور الیکٹرانک آلات برآمد ہوئے ہیں۔ اے وی سی سی کے چھاپے میں اس گھر سے 62 لیپ ٹاپس پہلے ملے تھے، جس سے برآمد لیپ ٹاپس کی مجموعی تعداد 80 ہو گئی ہے، ان ہی لیپ ٹاپس کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ اب قتل کے اس کیس کی تفتیش باقاعدہ طور پر ایف آئی اے کو دی جائے۔
عالیان علی رضا کیس، لاپتا بچے کی والدہ کی درخواست پر اے آئی جی کا بڑا فیصلہ
ارمغان کی ملکیت بیش قیمت اوڈی کار بھی تحویل میں لے لی گئی ہے، قیمتی کار مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے پیسوں سے خریدی گئی ہے، ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ کا کہنا ہے کہ ضبط کار کو تفتیش کا حصہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 2 روز بعد یہی ٹیم ارمغان سے بھی ملے گی اور اس سے اس سلسلے میں تفتیش کی جائے گی۔