اسلام آباد: تاجر رہنما شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ فوج نے سنگین چیلنجز کے باوجود اپنے بجٹ میں زبردست کٹوتی کی ہے جس پر ملک بھر کی تاجر برادری انھیں سلام پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظوں کی خدمات پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے ساری قوم ان کی قرض دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوست ملک چین کو چائیے کہ پاکستان کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ہماری حکومت کو دئیے گئے قرضے اور فوجی ساز و سامان کی ادائیگیوں کو موخر کر نے کا اعلان کرے۔
اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے مزید کہا کہ فوج درجنوں ممالک کی سازشوں کا مقابلہ کر رہی ہے، جس میں سے صرف ایک پڑوسی ملک اپنی فوج پر پاکستان سے سات گنا زیادہ خرچہ کر رہا ہے مگر پاک فوج کم وسائل کے باوجود اسکی ساری سازشوں کو کامیابی سے ناکام بنا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کمزور ہو تو فوج بھی کمزور ہو جاتی ہے، امید ہے ملک کے معاشی حالات جلد بہتر ہوں گے۔