کابل: افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمدخان کا کہنا ہے کہ کابل میں قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یہاں پھنسے پاکستانیوں کو نکال سکیں۔
تفصیلات کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر کشیدگی کے باعث پی آئی اے کی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئی تھیں تاہم اب پھر سے سفری آپریشن کا آغاز ہورہا ہے، قومی ایئرلائن افغانستان میں غیرملکیوں اور پاکستانیوں کو وطن لائے گی۔
پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ پاکستان سفارت خانہ کابل 2پروازوں سے350مسافر نکالنے کا انتظام کررہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروازوں سے غیرملکی، پاکستانیوں اور افغانوں کو نکالنے کا انتظام کررہے ہیں، افغانستان میں پاکستان سفارت خانے نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
کابل میں پھنسے پاکستانیوں وغیرملکیوں کیلئے اچھی خبر آگئی
خیال رہے کہ قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی دو خصوصی پروازیں آج افغان دارالحکومت کابل کے لیے اپریٹ کی جائیں گی، آپریشن کا مقصد افغانستان میں پھنسے غیرملکیوں اور پاکستانیوں کو وطن لانا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی 2خصوصی طیارے کچھ دیر میں اسلام آباد سے کابل روانہ ہوں گے۔ ایک بوئنگ 777 اور دوسرا A320طیارہ کابل ایئرپورٹ جائے گا، آپریشن کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
چیف ایگزیٹو آفیسر(سی ای او) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ 2طیارے 777 اور ایئربس 320کابل کے لیے روانہ ہوں گے، دونوں پروازوں کے ذریعے غیر ملکیوں کو کابل سے اسلام آباد لایا جائے گا۔