ملتان : پنجاب حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے والا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جدید مشینری کے ذریعے پہیوں پر چلنے والے شاورز جب پانی برساتے ہیں تو سچ میں بارش کا گمان ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب پنجاب کے کسانوں کو بارش نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، پنجاب حکومت نے فصلوں پر مصنوعی بارش برسانے کیلئے نیا سسٹم متعارف کرایا ہے۔
کاشتکاروں کو سبسڈی پر یہ سسٹم فراہم بھی کیا جارہا ہے، اے آر وائی نیوز کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح کماد کی ایک فصل کو مصنوعی طریقے سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر محکمہ زراعت کے ترجمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید عصمت کا نمائندہ اے آر وائی نیوز رانا فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ہائی ایفی شینسی ایریگیشن سسٹم ہے اس سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ ناہموار زمین پر بھی بہتر طریقے سے کام کرتا ہے اور ہم جس وقت اور جتنا چاہیں اپنی فصلوں کو پانی دے سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے نواحی علاقوں میں سیلاب، تیار فصلیں زیر آب آگئیں
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جدید زراعت کی جانب پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے اور آنے والے وقت میں کاشتکاروں کو اس کے مزید فوائد حاصل ہوں گے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔