کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک اور پورٹ گرینڈ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے، جسکے تحت جشن آزادی کے موقع پر ملکر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے شکریہ پاکستان کے عنوان سے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جسکے تحت شہر کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔
اسی حوالے سے برانڈ انگیج اور سندھ حکومت سے معاہدوں کے بعد اے آر وائی سہولت کے سی ای او عاصم قریشی اور پورٹ گرینڈ کے صدر شاہد فیروز کے درمیان بھی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔
چیف ایگزیکیٹو آفیسر اے آر وائی سہولت عاصم قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان کے ہم سب پر بے پناہ احسانات ہیں، چودہ دنوں تک پورٹ گرینڈ میں جشن آزادی کے حوالےسے آزادی فیسٹیول ، اسپیشل پروگرامز اور آزادی کنسرٹ کا انعقاد کرکے پاکستان کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔
پورٹ گرینڈ کے صدر شاہد فیروز کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان سے محبت کا اظہار والہانہ اور منفرد انداز میں کیا جائے۔۔۔ پورٹ گرینڈ پر سبز پرچموں کی بہار اور جشن آزادی فیسٹیول پاکستان کو شکریہ کا ایک موقع ہوگا۔
یکم اگست سے یوم آزادی تک جاری رہنے والی شکریہ پاکستان مہم کے تحت جشن آزادی شایان شان طریقے اور منفرد انداز میں منائی جائے گی۔