لوک موسیقی اور بالخصوص سرائیکی میوزک کو فروغ دینے کے لیے اے آر وائی میوزک نے ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے، جس کو آغاز سے ہی بہت زیادہ سراہا جارہا ہے۔
لوک موسیقی جسے عوامی موسیقی بھی کہتے ہیں، یہ کلاسیکل اور نیم کلاسیکی موسیقی سے زیادہ عام فہم اور عوام میں زیادہ مقبول ہے۔ اس موسیقی میں ہلکے پھلکے گیت، لوک دھنیں، علاقائی دھنیں، شادی بیاہ کے گیت، منظوم، لوک داستانیں شامل ہیں۔
آج سے دو دہائی قبل لوک موسیقی کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن پر باقاعدہ پروگرام نشر کیے جاتے تھے مگر دور جدید ہونے کے بعد یہ سلسلہ فی الوقت رک گیا تھا، اس لیے مقامی موسیقی کو اُس طرح سے فروغ نہیں مل سکا۔
اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اے آر وائی میوزک نے لوک موسیقی کو فروغ دینے کے سلسلے کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت سرائیکی موسیقی کو اے آر وائی میوزک کے پلیٹ فارم سے پروموٹ کیا جائے گا۔
سرائیکی زبان کی اگر بات کی جائے تو اسے دنیا میں میٹھی ترین زبان کے طور پر جانا جاتا ہے جبکہ بالخصوص پنجاب کے جنوبی علاقوں میں اس زبان کے بولنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اے آر وائی میوزک کی جانب سے سرائیکی ایڈیشن کا پرومو جاری کیا گیا۔ ویڈیو میں مقامی گلوکاروں نے اس سلسلے کے شروع ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے شاندار کاوش قرار دیا۔
گلوکاروں کا کہنا تھا کہ اے آر وائی میوزک نے سرائیکی میوزک کو فروغ دینے کے لیے جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ قابل تحسین اور قابل تعریف ہے، اس اقدام کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
یہاں یہ بات بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ اس سے قبل بھی اے آر وائی میوزک نے انڈسٹری کی ترقی کے لیے 2017 میں ’آؤ مل کر بنائیں پاکستان‘ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا تھا، جس کو بہت زیادہ پزیرائی ملی اور اس کے ذریعے نیا ٹیلنٹ بھی ابھر کر سامنے آیا تھا۔
مزید پڑھیں: میوزک انڈسٹری کی ترقی کے لیے اے آر وائی کی بہترین کاوش
اے آر وائی میوزک کے زیر اہتمام شروع کی جانے والی اس مہم کے تحت باصلاحیت فنکاروں کے گانوں کی ویڈیوز کی آے آر وائی نیٹ ورک کے تمام پلیٹ فارمز بشمول ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا صفحات اور ویب سائٹس پر تشہیر کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں نئے فنکاروں کو اے آر وائی نیٹ ورک ٹی وی کے مختلف پروگرامز میں بھی مدعو کیا گیا تھا۔
اے آر وائی نے باصلاحیت نوجوان گلوکاروں کے لیے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے فن کو روشناس کرانے کے لیے اپنی آواز میں ریکارڈ شدہ گانا یا میوزک کمپوزیشن، نام اور دیگر تفصیلات کے ساتھ ای میل پر ارسال کریں۔