اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان ہر حال میں اللہ کی طرف رجوع کرتے ہیں، کرونا وائرس کے سلسلے میں بھی ہمیں اللہ سے رجوع کرنا چاہیے۔
ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ علاج اور حفاظتی اقدامات کرنا نبیؐ کی سنت ہے، حکومت کی جانب سے جو اقدامات کیے گئے ہیں ان میں عوام تعاون کریں، اور بہ طور مسلمان اللہ کی طرف رجوع کریں۔
نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ کرونا سے بچاؤ کے پیش نظر جمعہ کے خطبے، اور نماز کو مختصر رکھا جائے، علما سے گزارش ہے کہ وہ بڑے بڑے دینی اجتماعات نہ کریں، وضو گھر میں کیا جائے، سنتیں گھر پر ہی پڑھی جائیں تو بہتر رہے گا۔
کورونا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، تعداد 53 ہوگئی
ادھر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے فیضان مدینہ جا کر دعوت اسلامی کے ذمہ داران سے ملاقات کی، صوبائی وزرا نے کرونا سے متعلق سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ناصر حسین شاہ نے درخواست کی کہ تمام علما کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری درخواست پر اجتماع منسوخ کرنے پر علما کرام کے شکر گزار ہیں، علما حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتا ہلاکت خیز کرونا وائرس پاکستان میں بھی پنجے گاڑ چکا ہے، مزید 20 افراد وائرس کا شکار ہونے کے بعد پاکستان میں مجموعی تعداد 53 ہو گئی ہے۔
سندھ میں ایک ہی روز میں 18 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں کرونا مریضوں کی تعداد 35 ہو گئی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید 18 کرونا کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سکھر سے آئے ہوئے 40 سیمپلز ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 13 مثبت آئے۔