صوابی : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی کے علاقے بام خیل اور ٹوپی میں گیس فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کردیا، ان کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت میرا مشن ہے،ہر گھر کو گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر صوابی پہنچے اور صوابی کے علاقے بام خیل اور ٹوپی میں تقریبا دس کروڑ روپے کی لاگت سے بڑے گیس کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔
گیس فراہمی کے منصوبے سے تقریبا دس ہزار گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سے بالا تر ہو کر صوابی کے عوام کی خدمت میرا مشن ہے۔ گیس کی دستیابی علاقے کے عوام کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے ہر گھر کو گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ بام خیل اور ٹوپی میں گیس کی فراہمی کے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی عاقب اللہ، رنگیز خان، تحصیل ناظم سہیل خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔