اسلام آباد : سابق وزیرخزانہ اسد عمر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے، کراچی ایئر پورٹ پر پارٹی کارکنان نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ چھوڑنے پر پریشانی نہیں ہے، پرسکون ہوں، پارٹی کے لئے میری خدمات پہلے کی جاری رہیں گی۔
یہ بات انہوں نے کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اسد عمر نے کہا کہ میں نے اسلام آباد سے تعلق نہیں توڑا، بطور ایم این اے آنا جانا لگا رہے گا، ضرورت پڑنے پر یہاں آتا رہوں گا کیونکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے تو آنا پڑے گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور رہنماؤں نے کابینہ سے مستعفی ہونے والے اسد عمر کو واپس وفاقی کابینہ میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری نے اسد عمر کے حق میں پیغامات بھیجے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ اسد عمر قابل ترین شخصیات میں سے ایک ہیں،یہ ہمارے کے بہت ضروری ہے کہ اسد عمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور جتنا جلدی ہوسکے کسی نہ کسی وزارت کے ساتھ کابینہ کا حصہ بن جائیں۔
اس کے علاوہ زلفی بخاری نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور تحریک انصاف کے لیے پرخلوص امید رکھتا ہوں آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور کابینہ کا حصہ رہیں گے۔