اسلام آباد : نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کا خطرہ تاحال ٹلا نہیں ہے، شہری کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لازمی لگوائیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے اجلاس میں کہا کہ کورونا وبا کا خطرہ تاحال ٹلا نہیں ہے، صوبے، متعلقہ حکام ویکسینیشن میں تیزی کیلئے اقدامات کریں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز انتہائی اہم ہے، شہری کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لازمی لگوائیں، ملکی آبادی کی قوت مدافعت میں اضافے کیلئے دوسری ڈوزضروری ہے۔
اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کورونا پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر شہریوں کی تعریف کی اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو خراج تحسین و عقیدت پیش کیا۔
این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس نے زندگیاں داؤپرلگاکرڈیوٹی کی، کورونا کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے بے شمار انسانی زندگیاں بچائیں۔