تازہ ترین

قمر باجوہ نے اعتراف کیا کہ وہ آڈیوز ریکارڈ کراتے ہیں، اسدعمر

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عدلیہ کیخلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے، قمرجاوید باجوہ نے خود کہا تھا کہ وہ وزیراعظم کی آڈیوز ریکارڈ کراتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ملک میں غیرقانونی طریقے سے گفتگو ریکارڈ کی جارہی ہے، ہم نے غیرقانونی آڈیو ریکارڈنگز کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ اگر جج مریم نواز کا پاسپورٹ بحال کریں اور وہ باہرچلی جائیں تو جج ٹھیک ہیں، میں نے عدلیہ سے درخواست اور شکوہ کیا تھا تو مجھ پر توہین عدالت لگ گئی، میں نے تو ارشد شریف، اعظم سواتی اور عمران خان کیلئے انصاف مانگا تھا۔ مریم نواز اور ن لیگ کے لوگوں کو بھی بلایا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی ایسی قومی سطح کی باتیں ہوتی ہیں اگر وہ باہر نکلیں تو نقصان ہوتاہے، وکلاء کو نشانہ بنا کرعدالت کو ہدف بنایا جارہا ہے، جو لوگ آڈیوز ریکارڈ کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے،

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت عدلیہ کو دباؤ میں لاکر انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے، یہ چاہتے ہیں عدلیہ کہہ دے کہ انتخابات نہیں ہوسکتے۔ عدلیہ پربدترین الزامات لگائے جارہے ہیں، عدالتیں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو بھی توہین عدالت نوٹس جاری کریں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک شروع کررہے کیونکہ ملک کی آزادی خطرے میں ہے، مجھے یقین ہے کہ پیرمنگل تک الیکشن کی تاریخ ملنے والی ہے، خواجہ آصف بھی کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے، شوکت ترین نے ایک بات کی ان کیخلاف مقدمہ کردیا، خواجہ آصف کو کچھ نہیں کہا جارہا۔

Comments

- Advertisement -