تازہ ترین

’پی ڈی ایم کو نوٹوں کی نہیں ووٹوں کی شدید قلت کا سامنا ہے‘

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کے لیے پی ڈی ایم کو نوٹوں کی نہیں بلکہ ووٹوں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کی جانب سے الیکشن کے التوا کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حکومت کہتی ہے الیکشن کرانے کیلیے 21 ارب روپے نہیں ہیں جب کہ پی ڈی ایم کے دعوؤں کی حقیقت خود حکومتی اعداد وشمار بیان کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں حکومت 515 ارب کے اخراجات کی منظوری دے چکی ہے اور یہ اخراجات بجٹ میں شامل نہیں تھے بلکہ 515 میں سے 349 ارب تبدیلی اور 166 ارب اضافی گرانٹ کی صورت میں شامل کیے گئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اعداد وشمار ثابت کرتے ہیں کہ الیکشن کے لیے حکمران اتحاد کو نوٹوں کی نہیں بلکہ ووٹوں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

 

Comments

- Advertisement -