سڈنی : آسٹریلیا نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مہمان ٹیم انگلینڈ کو چار صفر سے شکست دی تھی، جس کے شراب نوشی کے عالم میں شورشرابا کرنے کی ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا۔
اس حوالے سے غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ایشیز کی شکست کا غم لے ڈوبا، ٹیم ہوٹل میں انگلش کھلاڑی آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ مے نوشی کر رہے تھے کہ اس دوران شکایت ملنے پر پولیس پہنچ گئی۔
The first and last time #Hobart will host an #Ashes test… ‘Bit too loud’ .. Awesome pic.twitter.com/zdZ4dmcsf6
— Matt de Groot (@mattdegroot_) January 18, 2022
مذکورہ واقعے کی ویڈیو انگلش بیٹنگ کوچ نے بنائی جس پر ان کی نوکری خطرے میں پڑ گئی ہے۔ ہوٹل کے مکینوں کی ہلڑ بازی کی شکایت پر جائے وقوعہ پر پولیس پہنچی اور کھلاڑیوں کو وہاں سے جانے کا کہا۔
ان کھلاڑیوں میں انگلش کپتان جو روٹ اور جمی اینڈرسن بھی موجود تھے، واقعہ کی ویڈیو انگلش بیٹنگ کوچ گراھم تھارپ نے بنائی، انگلینڈ بورڈ واقعہ کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ویڈیو آسٹریلیا کے اخبار تک کیسے پہنچی؟
برطانوی اخبار کے مطابق انگلش کھلاڑی ایشیز کے دوران شراب کا زیادہ استعمال کر رہے تھے جس سے ان کی کارکردگی پر اثر پڑا۔ انگلینڈ کو ایشیز میں چار صفر کی شکست ہوئی جس کے بعد کپتان روٹ اور کوچ سلورووڈ کو ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تسمانیہ پولیس نے ایک تقریب میں نشے میں دھت افراد کی اطلاع ملنے پر پیر کی صبح 6:00 بجے کے بعد کراؤن پلازہ ہوبارٹ میں چھاپہ مارا اور وہاں موجود افراد سے پوچھ گچھ کی، پولیس کے مطابق ہدایات ملنے پر مذکورہ افراد وہاں سے چلے گئے۔