لاہور: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں گرفتار فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد قومی احتساب بیورو نے چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز شہزاد سلیم کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال کیس میں گرفتار فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد نیب نے چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز شہزاد سلیم کو طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کے بیان کی روشنی میں شہزاد سلیم کو طلب کیا گیا۔ شہزاد سلیم ٹیکسٹائل انڈسٹری کی دنیا میں بڑے بزنس مین مانے جاتے ہیں۔
مراسلے کے مطابق شہزاد سلیم کو 13 اگست کو دن ساڑھے 10 بجے بلایا گیا ہے۔ نیب نے شہزاد سلیم کو تمام دستاویزی ثبوت ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد سلیم معروف کاروباری شخصیت میاں منشا کے قریبی عزیز بھی ہیں۔ نشاط چونیاں ملز میاں منشا کی ملکیت ہے۔
سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد سے تفتیش میں انکشافات
ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کے غیرملکی اثاثے شہزاد سلیم کے پاس محفوظ ہیں، چونیاں پاور، نشاط پاور سے قومی خزانے کو 80 ارب کا نقصان پہنچایا، دونوں پاور پلانٹ نشاط گروپ کی ملکیت ہیں، دونوں پاور پلانٹس سے سالانہ 8 ارب روپے کا فراڈ ہوتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل فراڈ کی مد میں قومی خزانے کو 8 ارب کا سالانہ ٹیکا لگایا جارہا تھا، 200 میگاواٹ کے 2 آئی پی پیز پاور پلانٹ 2008 میں لگائے گئے تھے، پاور پلانٹس کی ایکویٹی تقریباً 3.6 ارب روپے زیادہ ظاہر کی گئی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاور پلانٹس کیلئے ہرسال 17 فیصد گارنٹیڈریٹرن کا معاہدہ کیا گیا، بغیر پیسہ لگائے ہر سال قومی خزانے سے 4،4 ارب نکالا جارہا تھا، آئل فراڈ اور نیب تحقیقات سے بچنے کیلئے 5 سال سے حکم امتناع کے پیچھے تھے۔
خیال رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز سنہ 2012 میں ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔
گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔
پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پر تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کے لیے قرار داد بھی جمع کروائی تھی۔
ہاؤسنگ اسکیم میں بڑے پیمانے میں گھپلوں پر نیب سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور پیرا گون سوسائٹی کے اعلیٰ حکام کو طلب کرچکا ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نیب کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔