جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد / کراچی / لاہور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے،۔

کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے۔اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔ خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند ہوگئی ۔ جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہے۔ سندھ کےبڑے شہروں اورپنجاب میں ڈبل سواری پرپابندی ہے۔

یوم عاشور کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لئے ناصرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ یوم عاشور پرملک بھر کی فضا سوگوار ہے، علم ،تعزیہ ،ذوالجناح کے جلوسوں نکالے جارہے ہیں۔

عزادارنوحہ خوانی اور ماتم کرکے اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں، یوم عاشور پر سیدہ کےلعل کا پرسہ دینےکےلئےعزداران شاہراہوں پر ہیں۔حسین ابن علی اوراہل بیت کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیاجارہاہے۔

نوحہ خوانی،سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتےجلوس اپنےروایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔علم لہراتےاورنوحے پڑھتےعقیدت مند واقعہ کربلا کو یاد کر رہےہیں۔

ہرآنکھ آشکبار ہے۔ہردل خانوادہ رسول کی شہادت کویادکرکےتڑپ رہا ہے،جلوس میں شریک عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر تے ہوئے خانوادہ رسول کو سلام پیش کر رہے ہیں۔

مظفر آباد

مظفر آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

ملتان

ملتان میں عزاداران کے تین بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے ہیں جلوسوں کی نگرانی کیلئے پچاس سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اور کنڑول روم کی مانیٹرنگ علاقائی کمشنر اورڈپٹی کمشنر خود کر رہے ہیں۔

اٹک کینٹ

محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ اٹک کینٹ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزر کرشام کربلا حلیم شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

عزاداران حسین نے جلوس کے راستے میں سینہ کوبی کی اور زنجرر زنی کی ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اٹک کینٹ کے 10 محرم الحرام کے راستے میں آنے والے تجارتی مرکز کو مکمل سیل کر دیاگیا ہے ، جلوس کے لئے ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکاڈ، محکمہ صحت، ٹی ایم اے اٹک،ٹریفک پولیس اور واپڈا کا عملہ خصوصی طور پر اپنی فرائض سر انجام دے رہا ہے ، کسی بھی ناخوشگوار واقع کے پیش نظر فوج اور رینجرز کو سٹینڈ بائی کر دیا گیا ہے۔

نوشہروفیروز

ملک کے دیگر شہروں کی طرح نوشہروفیروز میں بھی یوم عاشور انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ضلع بھر میں 25 سے زائد ماتمی جلوس برآمد ہوئے جب کہ نوشہروفیروز میں مرکزی جلوس باب حیدر سے برآمد ہوا جو کو روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

ماتمی جلوسوں میں شامل 40 سے زائد مومنین سینا زنی، اور چھریوں کے ماتم کے باعث بیہوش ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال داخل گیا ہے۔

جب کے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور آنے والے تمام افراد کی چیکنگ جاری ہے دوسری جانب ضلع بھر میں تمام موبائیل نیٹ ورک اور وائر لیس انٹر نیٹ سروس معطل کی گئی ھے۔

گوجرانوالہ

یوم عاشورہ کے جلوس چوک گھنٹہ گھر پہنچ چکے ہیں ، جہاں وہ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد زنجیر زنی کر رہے ہیں ۔

یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر سے چھوٹے بڑے ستاسی جلوس برآمداور چوراسی مجالس منعقد ہو رہی ہیں ، اس وقت شہر کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان معرفت سے برآمد ہو کر چوک گھنٹہ پہنچ چکا ہے جہاں پر دیگر چھوٹے بڑے جلوس بھی اس مرکزی جلوس میں شامل ہو چکے ہیں۔

چوک گھنٹہ گھر میں عزادارن حسین نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد زنجیر زنی کر رہے ہیں ،عزاداران حسین میں خواتین ، بچے ، مرد اور بزرگ افراد شامل ہیں جو غم حسین کا اظہار اپنے اپنے انداز میں کر رہے ہیں ۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چوک گھنٹہ گھر کو مکمل طور پر گھیر رکھاہے جن میں چھ ہزار سے زائد پولیس آفیسران ، جوان، لیڈی کانسٹیبلز اور رضا کار تعینات کئے گئے ہیں۔

اور جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے ہر داخل ہونے والے شخص کی میٹیل ڈیٹیکٹو کے ذریعے جامہ تلاشی لی جا رہی ہے ۔

اس کے علاوہ شکار پور، سانگھڑ ، خیرپور ، سکھر ، گلگت ، اور ملک کے دیگر شہروں میں عزاداران کے ماتمی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں ۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں