کراچی/لاہور: مختلف شہروں میں جاری دھرنوں اور احتجاج کے باعث اس وقت کئی اہم شاہ راہیں بند ہیں اور نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج کے باعث روزمرہ کے معمولات شدید متاثر ہوئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
اس وقت کراچی، لاہور، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاج کے باعث اہم شاہ راہیں بند ہیں، اس دوران مختلف شہروں میں توڑ پھوڑ اور گاڑیاں بھی نذر آتش کی گئیں۔
کراچی میں صبح سویرے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، ضلع شرقی میں نمائش اسٹار گیٹ، ضلع جنوبی، ٹاور، تین تلوار، رنچھوڑ لائن میں سڑکیں بند ہونے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مشتعل مظاہرین نے دکانوں میں لوٹ مار کی۔
لاہور میں ایئرپورٹ جانے والے راستے بند ہونے کے سبب اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں عسکری ٹین کے قریب مظاہرین نے ٹول پلازہ پردھاوا بول دیا، رنگ روڈ پر کیبن کے شیشے توڑ دئیے گئے، ملازمین نے بھاگ کر جان بچائی، راولپنڈی میں ترنول چھبیس نمبر چونگی کے قریب مشتعل مظاہرین نے شہریوں کی موٹر سائیکلیں جلا ڈالیں۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے ملک بھر میں کل بھی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جامعہ پنجاب میں کل ہونے پرچے ملتوی کردئیے گئے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تمام جب کہ سندھ میں نجی تعلیمی ادارے بند رہے، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے جن کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں بھی تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہے تاہم بلوچستان میں تمام نجی و تدریسی مراکز کھلے رہے، ٹیکسلا میں توڑ پھوڑ اور سڑکیں بلاک کرنے والے ڈنڈا بردار مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔