ایشیا کپ کے فائنل کا ٹکٹ کٹانا ہے یا خالی ہاتھ گھر واپس جانا ہے فائنل سے قبل سیمی فائنل بن جانے والا پاکستان اور سری لنکا کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے فائنل کے لیے بھارت اپنی نشست پکی کر چکا ہے مدمقابل کون سی ٹیم ہوگی یہ فیصلہ آج ہوگا۔ فائنل میں پہنچنے کے لیے سیمی فائنل کی بن جانے والا ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا اہم ترین میچ آج کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ گرین شرٹس کے اگر مگر ختم ہوگیا اس نے اگر فائنل میں پہنچنا ہے تو آئی لینڈرز کو لازمی شکست دینا ہوگی جب کہ سری لنکا کو فائنل میں پہنچنے کے لیے فتح کے علاوہ بارش بھی مدد دے سکتی ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کی بھارت کے خلاف 228 رنز کی بڑی شکست اس کے گلے کی ہڈی بن گئی ہے جس نے گرین شرٹس کے نیٹ رن ریٹ کو انتہائی نیچے گرا دیا ہے اور وہ اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔
پوائنٹ ٹیبل پر سری لنکا بھارت سے میچ ہارنے کے باوجود منفی 0.200 کے رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کا رن ریٹ منفی 1.892 ہے۔ اگر بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو رن ریٹ سری لنکا کو فائنل میں جب کہ پاکستان کو خالی ہاتھ وطن واپس پہنچا دے گا۔
آج کی فاتح ٹیم اتوار کو اسی میدان میں بھارت سے ٹرافی کے لیے پنجہ آزمائی کرے گی۔
آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہونے والے نسیم شاہ اور میچ سے باہر ہونے والے حارث رؤف اور سلمان آغا کی جگہ زمان خان، محمد وسیم جونیئر اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔
خراب فارم کی وجہ سے فخر زمان اور فہیم اشرف کو اہم میچ سے ڈراپ کر کے ان کی جگہ محمد حارث اور محمد نواز کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
ایک روزہ ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان کو سری لنکا پر واضح برتری حاصل ہے تاہم ایشیا کپ میں معاملہ اس کے بالکل الٹ ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجموعی طور پر 150 میچز ہوئے ہیں جن میں گرین شرٹس نے 92 جب کہ سری لنکا نے 58 میں فتح حاصل کر رکھی ہے جب کہ ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں 17 بار ٹکرائیں ہیں جن میں سری لنکا 12 بار سرخرو ہوا اور پاکستان کے ہاتھ صرف 5 جیت آئی ہیں۔
آج کے دن بھی بارش کی پیشگوئی ہے اس لیے پاکستانی شائقین کو قومی ٹیم کی فتح کے ساتھ بارش کے مداخلت نہ کرنے کی بھی دعائیں کرنا ہوں گی۔