ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ڈو آر ڈائی میچ سے قبل قومی ٹیم انجری مسائل میں پھنس گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان اور سری لنکا کو ہرانے کے بعد فائنل کے لیے اپنی نشست پکی کر لی ہے۔ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ جمعرات کو سری لنکا اور پاکستان کے میچ کے نتیجے پر ہوگا اس اہم میچ کی فاتح ٹیم فائنل کا ٹکٹ کٹائے گی۔
تاہم سری لنکا کے خلاف ڈو آر ڈائی کی حیثیت اختیار کر جانے والے میچ سے قبل قومی ٹیم انجری مسائل میں گھر گئی ہے۔ بھارت کے خلاف گزشتہ میچ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے بہت بھاری ثابت ہوا پہلے دو مرکزی بولر نسیم شاہ اور حارث رؤف ان فٹ ہونے کے باعث میچ میں اپنے کوٹے کے اوور بھی مکمل نہ کرسکے اور کل کے میچ سے باہر ہوگئے۔
اسی میچ میں پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر سلمان علی آغا بھی دوران بیٹنگ بھارتی اسپنر جڈیجہ کی گیند چہرے پر لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے اور انہیں میچ والی رات اسپتال لے جانا پڑا۔ ان کی بھی سری لنکا کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے اور سلمان کی جگہ سعود شکیل کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔
انجری کا شکار دونوں فاسٹ بولر کی نگرانی پی سی بی میڈیکل پینل کر رہا ہے۔ نسیم شاہ کی ایم آر آئی رپورٹ آنے پر انجری کی نوعیت معلوم ہوگی جب کہ حارث رؤف کی پسلیوں میں بھی تکلیف ہے اور انہیں آرام کی ضرورت ہے۔
بابر اعظم تیسری بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار
پاکستان ٹیم منیجمنٹ نے دو اہم فاسٹ بولرز کے ان فٹ ہونے پر متبادل کے طور پر شاہنواز داہانی اور زمان خان کو طلب کیا ہے جو آج کولمبو پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔