دبئی: ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 184 رنز ہدف کا ہدف سری لنکا نے دو گیندوں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے ایشیا کپ کے فائنل فور تک رسائی حاصل کی۔
سری لنکن بیٹرز نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی شاندار کھیل پیش کیا، کوشال میںڈس کے 60 رنز نے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی جبکہ میچ کے آخری لمحات میں داسن شاناکا کے 45 قیمتی رنز نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلا دیش کی جانب سے عبادت حسین کی 3 وکٹیں بھی فتح کے لئے کارگر ثابت نہ ہوسکی، تسکین احمد کی دو وکٹیں بھی ٹیم کی جیت کے لئے ناکافی رہیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی، بنگال ٹائیگرز نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے۔
بنگلا دیش کی جانب سے عفیف حسین نے 39 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اوپنر بیٹر مہدی حسن نے بھی 38 رنز بنائے، محمداللہ 27 جبکہ کپتان شکیب الحسن نے 24 رنز بناسکے۔
سری لنکا کی جانب سے چمیکا کرونارتنے اور وینندو ہسرنگا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آسیتھا فرنینڈو، مہیش تھیکشنا اور دلشان مدوشنکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔بنگلا دیش نے اہم ترین مقابلے کے لئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں، انعام الحق، محمد نعیم اور محمد سیف الدین کی جگہ شبیر رحمان، مہدی حسن اور عبادت حسین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی لینڈرز کی جانب سے بھی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اتیشا فرنینڈو کا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو ہوا ہے، متھیشا پاتھیرانا کو آرام دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: افغانستان نے سپر فور کے لئے کوالیفائی کرلیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کو افغانستان نے شکست دیکر ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔
دو روز قبل کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی اس سے قبل افغان ٹیم نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔