چین میں کھیلے جا رہے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کا میچ دو، دو گول سے برابر ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چین میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہوگیا ہے پہلے روز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا میچ دو، دو گول سے برابر ہو گیا ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کو پہلے ہاف میں سفیان خان نے پہلا گول داغ کر حریف ٹیم کے خلاف ایک، صفر کی برتری دلا دی تھی۔ دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے اس برتری کو ختم کر دیا تاہم کچھ دیر بعد احمد ندیم نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کر کے قومی ٹیم کو پھر برتری دلا دی۔
میچ کے آخری لمحات میں ملائیشیا کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ کو پھر برابر کر دیا گیا اور اس کے بعد کوئی بھی ٹیم دوسرے پر سبقت نہ لے سکی۔
قومی ٹیم اپنے دوسرےمیچ میں کل کوریا سے مقابلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سمیت 6 ٹیمیں شریک ہیں۔ میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا۔