جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم نے صرف لوٹ مار کی، آصف حسنین

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے رہنماء آصف حسنین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے شہریوں کو بنیادی حقوق سے جان بوجھ کر محروم کیا، عوام اس بات سے واقف ہیں کہ ایم کیو ایم نے صرف لوٹ مار کی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکمرانوں اور کرپٹ سیاست دانوں نے مل کر شہر قائد کا بیڑہ غرق کردیا جس میں ایم کیو ایم نے بڑا کردار ادا کیا، لوکل گورنمنٹ کے لوگ آخر کس چیز کے اختیار مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو آزادانہ گھومتے دیکھ کر عوام کو فکر لاحق ہے کہ اس ملک کا مستقبل کیا ہوگا، انتخابات میں کوئی مہاجر کارڈ کھیلتا ہے تو کوئی سندھیوں کے حقوق کی بات کر کے عوام کو بے وقوف بناتا ہے، عوام 70 برس سے کارڈ والوں کو ووٹ دیتے آرہے ہیں مگر آج بھی اُن کی حالت نہیں بدلی۔

پی ایس پی کے رہنما نے کہا کہ میئر کراچی کو رات 9 بجے کے بعد سڑکوں پر ہونا چاہیے مگر وہ صرف اختیارات کا رونا رو کر وقت گزار رہے ہیں، کراچی کے عوام واقف ہیں کہ ایم کیو ایم نے شہر میں لوٹ مار کی۔

آصف حسنین نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی عوامی حقوق کے لیے جلد سڑکوں پر نکلے گی اور جب تک عوامی مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مصطفیٰ کمال کے ہاتھ مضبوط کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں