اسلام آباد: نیب کی ٹیم سابق صدر آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کو پارلیمنٹ ہاؤس سے لے کر روانہ ہوگئی، سارجنٹ ایٹ آرمز نے پی پی شریک چیئرمین اور سعد رفیق کو نیب ٹیم کے حوالے کیا۔
دریں اثنا، آصف زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا چیئرمین سینیٹ توازن برقرار رکھ پائیں گے۔
سابق صدر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ تو سیاسی باتیں ہیں، سیاسی لوگوں سے پوچھیں، ہمیں کیا پتا۔ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر انھوں نے کہا کہ اگر تحریک آئی تو کیا بتا کرآئے گی؟
صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ معاملہ اے پی سی میں زیر غور آئے گا، جس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ جو اے پی سی بلا رہے ہیں یہ وہی بتائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، صادق سنجرانی
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی عدم اعتماد کی ممکنہ تحریک کے پیشِ نظر آج آصف زرداری سے چیئرمین سینیٹ نے خصوصی ملاقات کی۔
ذرایع کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی نے آصف زرداری سے غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی چھٹی کے دن پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تھے۔
تاہم چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ان کی عیادت کے لیے آیا تھا۔