کراچی : سابق صدرآصف زرداری نےجنرل راحیل شریف کےتوسیع نہ لینے کا اعلان قبل از وقت قراردے دیا۔ اٹھائیس دن پہلےانہوں نے اس کاخیرمقدم کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پچیس جنوری کو اعلان کیا تھا کہ مدت ملازمت میں توسیع پریقین نہیں رکھتے۔ جس کے چند گھنٹے بعد آصف زرداری کا بیان سامنے آیا کہ آرمی چیف کا بیان قابل تعریف ہے۔
اٹھائیس دن بعد آصف علی زرداری کے بیان نےسیاسی حلقوں کو حیرت زدہ کردیا۔ اپنے ایک تازہ بیان میں سابق صدرنےکہا کہ پیپلزپارٹی سمجھتی ہے قومی تاریخ کے نازک موڑ پر جنرل راحیل شریف کا اعلان قبل از وقت ہے ۔اس سے عوام کی امید مایوسی میں بدل جائےگی۔
آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی معاملات، احتساب یا دوسرے قومی معاملات میں فوج کا ممکنہ کردار تلاش کرنا مناسب نہیں ۔ قوم اور میڈیا کو اس قسم کی قیاس آرائیوں اور افواہوں سے گریز کرنا چاہئیے ۔
آصف زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کوجڑسےاکھاڑنے کےلئےفوج میں قیادت کا تسلسل لازمی ہے امید ہے جنرل راحیل شریف کی بے خوف اور مدبرانہ قیادت میں یہ جدوجہد منطقی انجام تک پہنچے گی۔
آصف زرداری نےاٹھائیس دن پہلےپچیس جنوری کوکہا تھا کا فوج اہم ترین ادارہ ہے۔ اس میں مدت ملازمت میں توسیع کی روایت کو جڑ نہیں پکڑنا چاہئیے۔