اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے پاکستان کو کنگال کر دیا ہے، گاڈ فادر اورجعلی خان کو بات سمجھ نہیں آرہی، ڈکیٹیٹرز سے پہلے بھی کہتا تھا کہ مستقبل آپ کا نہیں ہمارا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آصف زرداری نے کہا کہ اب ہم میاں صاحب کی جمہوریت نہیں بچائیں گے۔
اب ہم میاں صاحب کی جمہوریت نہیں بچائیں گے
ہم نےجعلی مینڈیٹ والوں کی دو مرتبہ جمہوریت بچائی، پہلے اس وقت جب عمران نے چیلنج کیا اور دوسری بار تب جب نوازشریف ووٹ چوری کر کے آئے، لیکن اب ہم ان کی جمہوریت نہیں بچائیں گے بلکہ اپنی جمہوریت لائیں گے اوران سےمقابلہ کرینگے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ بھٹو کل بھی زندہ تھے، آج بھی زندہ ہیں اورکل بھی زندہ ہونگے کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید مرتے نہیں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ذوالفقار بھٹو اور بی بی صاحبہ آج ہم کو دیکھ رہے ہیں۔
بینظیر بھٹو آپ سب کی اور میری قائد تھیں جبکہ جمہوریت کا تحفہ پیپلزپارٹی کا ہے اور بینظیر کی قربانی کا ہے، آج بے نظیرزندہ ہوتیں تو بلاول کو دیکھ کر خوش ہوتیں، میں امید کرتاہوں میرے جانے کے بعد میرے بچوں کے ساتھ بھی آپ وفا کریں گے اورآپ اتنی ہی وفاکریں گے جتنی بینظیرشہید کے ساتھ کرتے تھے۔
بھٹوشہید اور بےنظیرکے وعدوں کو ہم نے پوراکیا
جو وعدے بھٹوشہید اوربےنظیر نے کیے ہم نےانہیں پوراکیا، بلوچوں کوحقوق اور پختونوں کوان کی شناخت دی، بی بی کی شہادت کے عوض 5 سال پیپلزپارٹی نے پائے۔
ڈکیٹیٹرز سے پہلے بھی کہتا تھا آپ کا فیوچر نہیں
ان کا کہنا تھا کہ ڈکیٹیٹرز سے پہلے بھی کہتا تھا آپ کا فیوچر نہیں، مشرف نے دیکھا اس کا فیوچر نہیں،اب وہ چھپ کربیٹھا ہے، مشرف دیکھ رہا کہ ہے اب وہ واپس نہیں آسکتا، سیاست بدلنےکی کوشش کررہا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں اقتدارکی بھوک نہیں، ملک سے جو ہورہا ہے اس پر افسوس ہے، افغانستان سے دوستی اور رابطے بڑھانا چاہتےہیں، افغان بھائی سمجھیں صرف آپ نہیں ہم بھی مشکل میں ہیں۔
بھارت جان لے اسے کشمیر نہیں مل سکتا
ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کی سرحدیں مضبوط ہوں، بھارت پاکستان کو نیپال نہیں بنا سکتا،کشمیر ہماری شہ رگ ہے، بھارت جان لے کہ جب تک پیپلزپارٹی ہے اسے کشمیر نہیں مل سکتا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔