کراچی: ایک اسرائیلی ٹوئٹ کا کرارا جواب دیتے ہوئے پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اسرائیل کو آئینہ دکھا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اسرائیل کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کا دعویٰ غلط ہے۔
اپنے ردِ عمل میں گلوکار نے لکھا کہ آپ کا ملک تو 1948 میں قائم ہوا تھا، معذرت کے ساتھ میرا مطلب ہے کہ دنیا پر مسلط کیا گیا تھا۔ عاصم اظہر نے اس کے بعد اردو میں لکھا کہ ’ہم سے بھی ایک سال چھوٹے ہو۔‘
گلوکار عاصم اظہر نے طنز کرتے ہوئے پنجابی میں لکھا کہ آئے بڑے تین ہزار سالوں والے۔ انھوں ٹوئٹ میں اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’اپنی دہشت گردی روکیں۔‘
Your ‘country’ was literally founded, sorry i mean forced on the world in 1948. Humse bhi aik saal chotay ho, aide tussi 3,000 years kay. Stop the terrorism. https://t.co/zan1723vyG
— Asim Azhar (@AsimAzharr) May 18, 2021
واضح رہے کہ اسرائیل کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ ہم یہاں 3000 سال سے ہیں اور ہم نے یہیں رہنا ہے، ٹوئٹ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ دہشت گرد خطے کو تشدد کی طرف دکھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اندھیرا پھیلنے نہیں دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی وحشیانہ بم باری 10 روز سے جاری ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں آج صبح اسرائیلی فورسز نے رہائشی عمارت پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے، غزہ میں بم باری سے 3 مساجد بھی شہید ہو گئیں اور 40 مکانات تباہ ہوئے۔
وزارت صحت کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی جارحیت سے شہید افراد کی تعداد 219 ہو گئی ہے، جن میں 63 بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں۔