اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے آمدنی سے زائد اثاثوں اور کرپشن کی شکایات پر اہم لیگی رہنما امیر مقام سمیت قومی اور صوبائی اسمبلی ممبران کیخلاف جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کا اجلاس چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا، اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اور نواز لیگ خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کیخلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کی شکایت پرجانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا،۔
چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو امیر مقام کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا، اس کے علاوہ اجلاس میں ایم این اے مولوی امیرزمان کے خلاف سرکاری ترقیاتی فنڈز میں خورد برد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام پر بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔
امیر زمان پر فنڈز میں خوربرد اور آمدنی سے زائد اثاثوں کا الزام ہے، اجلاس میں ایم پی اےعبدالمالک کاکڑ کےخلاف شکایت کی بھی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی، عبدالمالک کاکڑ کےخلاف بھی سرکاری فنڈز میں خوربرد کا الزام ہے۔
مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثے، اسحاق ڈارکی درخواست خارج، احتساب عدالت کا حکم برقرار
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ناظم پشاور محمد عاصم خان کے خلاف سرکاری فنڈز کے غیرقانونی استعمال اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ملازمین میں اعزاز یہ تقسیم کرنے کے الزام پر بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔