احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے ہیں اور انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق احتساب عدالت میں وزیر خزانہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، اسحاق ڈار ذاتی حیثیت میں اپنے وکیل قاضی مصباح کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہونے پر اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ اسحاق ڈار اب عدالت کے سامنے موجود ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ ان کے وارنٹ گرفتاری مستقل طور پر منسوخ کیے جائیں اور جائیداد ضبطگی کے احکامات بھی ختم کیے جائیں۔
جسٹس محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹ جاری کیے تھے؟ جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہم نے وارنٹس جاری کئے تھے لیکن وہ معطل ہو گئے تھے۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے وارنٹ گرفتاری صرف اس لیے جاری ہوئے کہ ملزم اسحاق ڈار حاضر ہو اور اب وہ عدالت پیش ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر نیب نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت میں پیش ہوچکے ہیں اس لیے اگر عدالت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
وکیل کے دلائل اور نیب کے عدم اعتراض کے بعد احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے انہیں انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔