پشاور: خیبرپختونخوا کے وزرا کو محکمے تفویض کردئیے گئے، تحریک انصاف کے اہم رہنما عاطف خان طویل عرصے صوبائی وزیر بن گئے، محکمہ انتظامی امور نےاعلامیہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فضل شکور کو صوبائی وزیر قانون مقرر کردیا گیا ہے، طویل عرصے سے کابینہ سے دور رہنے والے عاطف خان کو خوراک اورسائنس وٹیکنالوجی کی وزارت تفویض کردی گئی ہے۔
شکیل احمد خان پبلک ہیلتھ کے وزیر مقرر کئے گئے جبکہ خلیق الرحمان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کےمشیر کی ذمے داریاں نبھائیں گے، تاج محمد ترند کو معاون خصوصی برائے توانائی مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح شفیع اللہ خان معاون خصوصی برائےجیل خانہ جات مقرر کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف بغاوت کرنے پر گزشتہ برس جنوری میں عاطف خان کو کابینہ سے فارغ کیا گیا تھا۔
دو ماہ قبل دورہ پشاور کے موقع پر وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور گورنر شاہ سلمان اور عاطف خان میں صلح کرائی تھی ، جس کے بعد وزیراعظم نے عاطف خان کو کابینہ میں واپسی کا عندیہ بھی دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سےعاطف خان اور شہرام ترکئی کی ملاقات
گذشتہ ماہ خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع کی گئی تھی، سادہ اور پروقار تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اراکین صوبائی اسمبلی عاطف خان، شکیل خان، فضل شکور اور فیصل امین گنڈا پور سےحلف لیا، چاروں ارکان کو وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔