پنجاب کے ضلع میانوالی میں کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع میانوالی میں کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر گزشتہ شب دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کو پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ اس حملے میں پٹرولنگ پولیس کے اہلکار ہارون خان نے جام شہادت نوش کیا جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی پر شرپسند فرار ہوگئے۔
پولیس نے حملہ آوروں کا تعاقب شروع کر دیا جب کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی افسران بھی بھاری نفری کے ہمرائے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔ ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ آوروں کی تعداد دس سے زائد تھی۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب عثمان انور نے دہشتگرد حملے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سے 12 دہشتگردوں نے رات گئے دو اطراف سے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر زبردست حملے کی کوشش کی اور کافی دیر تک بلڈنگ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم خفیہ اطلاعات کے باعث پولیس پوری طرح الرٹ تھی جنہوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا۔
آئی جی پنجاب کے مطابق اس حملے میں جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کی آنکھ پر گولی لگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو کافی بھاری نقصان ہوا ہے۔ دو دہشتگردوں کے ہلاک اور کچھ کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حملہ پسپا ہونے کے بعد علاقے میں گھپ اندھیرے کے باوجود ایس ایم ڈی نے لائٹس کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کیا تھا جو اب تک جاری ہے۔