اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما منور خان پر قاتلانہ حملہ

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما منور خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ منور خان بال بال بچ گئے، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ ضلع قلعہ عبداللہ کے شہر چمن میں پیش آیا۔

حملہ آور نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما منور خان پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی جو ناکام رہا اور منور خان محفوظ رہے۔

منور خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ آور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما سیف اللہ کا بھتیجا ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور کو فائرنگ کے بعد اسلحے سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آج ہی کے دن عوامی نیشنل پارٹی کے ایک اور رہنما کو نشانہ بنایا گیا۔

اے این پی کے رہنما و سابق سینیٹر داؤد خان اچکزئی پر بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی جس میں وہ زخمی ہوگئے۔ داؤد خان کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اے این پی کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے دفتر کے اندر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ 3 روز قبل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر مٹینگ میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں پی بی 35 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 150 کے قریب افراد شہید ہوئے تھے۔

اس سے قبل خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے جبکہ اکرم درانی محفوظ رہے۔

10 جولائی کو پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران بھی خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور شہید ہوگئے تھے۔ دھماکے میں مزید 21 افراد بھی شہید ہوئے تھے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں