نئی دہلی: بھارتی اداکار رنبیر کپور کی فلم کے سیٹ پر انڈسٹری کے کچھ ورکرز نے حملہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے گڑ گاؤں میں سوا کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر ورکرز نے زیر تکمیل فلم لو رنجن کے سیٹ پر چڑھائی کردی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 350 سے زائد ورکرز نے رنیبر کپور اور شردھا کپور کی فلم کے سیٹ پر اس وقت حملہ کردیا جب وہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔
سیٹ پر حملہ کرنے والے ورکرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں فلم کے ایک گانے میں کام کیا تھا تاہم پروڈیوسر کی جانب سے ان کے سوا کروڑ روپے کے واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے اور انہیں پیسوں کے لیے گزشتہ 6 ماہ سے ٹرخایا جا رہا ہے۔
بعد ازاں پولیس سیٹ پر حملہ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے تھانے لے گئی تاہم ان کی ایسوسی ایشن کی مداخلت پر تمام افراد کو رہا کردیا گیا۔
فلم کے پروڈیوسر دیبنکر داس گپتا نے میڈیا کو بتایا کہ سیٹ پر حملہ کرنے میں ایک نجی کمپنی ہائپر لنک کے جے شنکر اور گوتم ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہائپر لنک نامی کمپنی کے جے شنکر اور گوتم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن ان دونوں افراد نے مذکورہ پراجیکٹ کو میرے علم میں لائے بنا ہی آگے کسی اور کو آؤٹ سورس کردیا۔
بعد میں انہوں نے مجھے کہا کہ ان کے بجٹ میں ایک کروڑ 22 لاکھ روپے اضافہ ہوگیا ہے لہذا اس کی بھی ادائیگی کی جائے۔
پروڈیوسر کے مطابق سوچنے کی بات یہ ہے کہ آپ کا بجٹ سوا کروڑ اضافی ہوگیا ہو اور جس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اسے اس بات کا بتایا ہی نہیں جائے؟ لہٰذا ان کا مزید پیسوں کی ادائیگی کا مطالبہ غیر منطقی اور بے بنیاد ہے۔