پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ ہاؤس پر حملے کی ایف آئی آر درج کرانے کے لیے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی پی نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنوں کے سندھ ہاؤس پر حملے کی ایف آئی آر
درج کرانے کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی رہنما قادر مندوخیل نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں قادر مندوخیل کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کیلیے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست دی لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست میں نامزد ملزمان نے بہت سنگین جرم کیا، یہ سندھ ہاؤس پر صرف حملہ نہیں کیا گیا بلکہ دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ او سیکرٹریٹ نے مقدمہ درج کرنے کی بجائے وزیروں مشیروں کے دباؤ میں زیادہ تر ملزمان کو رہا کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کارکن گزشتہ روز گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل
کارکنوں کو روکنے کے لیے سندھ پولیس کی جانب سے کوششیں کی گئیں تاہم درجنوں کارکن اندر داخل ہو کر کے احتجاج کرنے میں کامیاب ہوئے۔
کارکنوں نے ہاتھوں لاٹھیاں اور لوٹے بھی اٹھا رکھے تھے ، درجنوں کارکن سندھ ہاؤس کا داخلی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو پولیس نے انہیں مزید آگے بڑھنے سے روک دیا۔