کراچی: مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ خاتون کی خودکشی سے قبل دوست کو بھیجا گیا آڈیو پیغام سامنے آگیا، جس میں خاتون نے کہا کہ محلے کے لڑکےبلیک میل کررہے ہیں اور ملنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شادمان ٹاون میں خاتون کی خودکشی کے واقعے کا مقدمہ شارع نورجہاں تھانے میں درج کرلیا گیا۔مقدمہ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں چھ لڑکوں کیخلاف درج کیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق اس میں قتل بالسبب کی دفعات کے تحت 6 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، نامزد ملزمان میں عامر، وقاص، اسد فرحان، شہزاد اور شاہد شامل ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جار رہے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ متوفیہ نے پنکھے پر گلے میں پھندا لگا کرخودکشی کی تھی، خاتون نے خودکشی سے قبل اپنی دوست کو آڈیو بیان بھیجا تھا، جس میں خاتون نے بلیک میلنگ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محلے کے لوگ اسے بلیک میل کر رہے ہیں ،اس کے ساتھ جعلی نکاح کر کے ویڈیو بنائی گئی۔
آڈیو بیان میں خاتون کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ جو ہوا ہے، میں نے پوری رات جاگ کر گزاری ہے، مجھےکالز کی جارہی ہیں ڈرایا جارہا ہے کہ ہم سے آکر ملو، ڈرایاجارہاہےمیرےبچوں کاماردیں گے،برداشت نہیں کرسکتی۔
خاتون نے بتایا کہ کئی لڑکے ہیں جو مجھے بلیک میل کررہے ہیں، جعلی نکاح کرکے میری ویڈیوبنائی گئی اور پھروائرل کی گئی، آڈیو میسج مجھے ہراساں کررہے ہیں ، جو قدم اٹھانے جا رہی ہوں وہ میری زندگی کا اختتام ہے، میرے لئے دعا کرنا مجھے معاف کردینا۔
پولیس نے خودکشی کرنے والی خاتون کی آڈیو ریکارڈنگ حاصل کر لی ہے اور خاتون کے بیان کو ایف آئی آر کا حصہ بنالیا ہے۔