اشتہار

پی ٹی آئی نے جس سیاستدان کے کردار کو بُرا کہا کل اس کے پیروں میں بیٹھ گئی، عون چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جس سیاستدان کے کردار کو بُرا کہا کل اس کے پیروں میں بیٹھ گئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ چند روز سے ایسا ماحول پیدا کیا جارہا ہے جیسے ظلم کہیں اور مظلوم کوئی اور ہے، الیکشن میں کامیاب ہوا ہوں  9 فروری کو میرا نوٹی فکیشن بھی جاری ہواہے، میں نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے، اس کا تحفظ کروں گا۔

آئی پی پی رہنما عون چوہدری کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی نے ساری زندگی ایک مہذب سیاستدان اور اس کے کردار کو بُرا کہا، جلسوں میں ان کے غلط نام لیے اور کل ان کی لیڈرشپ ان کے پیروں میں بیٹھ گئی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ابھی تو گھرکے بھیدی نے لنکا نہیں ڈھائی، جب یہ بھیدی بولے گا تو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، آپ کے نام نہاد لیڈر کے  کرتوت جانتا ہوں، ملک کی بات آئے گی تو قوم کو آپ کا چہرہ دکھاؤں گا۔

عون چوہدری نے کہا کہ ہمیں ملک میں رہنا ہے، جادو ٹونوں سے فیصلے نہیں کروانے، میں الیکشن جیت چکا ہوں اور اس کا تحفظ کروں گا، کل پریس کانفرنس کروں گا اور اہم کردار سامنے لاؤں گا۔

آئی پی پی رہنما نے کہا کہ آپ نے کہا تھا اصولوں پر سیاست کرنی ہے، کہاں گئے اصول؟ پاکستان میں معاشی، ڈیجیٹل دہشت گردی آپ پھیلارہے ہیں، کبھی کہیں تو کبھی کہیں فتنہ پھیلاتے ہیں، رونا دھونا اب نہیں چل سکتا۔

عون چوہدری نے کہا کہ آپ نے قوم کے بچوں کو9 مئی کی دہشت گردی میں استعمال کیا، کون سے دہشت گرد تیار کر لیے جنہیں پٹرول بم بنانا آتا ہے؟ آپ کے لوگوں کو پولیس، ملکی دفاعی تنصیبات، جناح ہاؤس پر حملہ کرنا بھی آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں جو منظم دھاندلی آپ نے کی وہ بھی سامنے آئے گی، سلمان اکرم راجا کے لوگوں نے میونسپل کارپوریشن کے لوگوں کو اٹھا کر تشدد کیا، یہ کالے کورٹ میں سمجھتے ہیں جو کچھ کریں وہ قانون ہے، میں وکلا برادری کی بہت عزت کرتا ہوں، آپ کالے کوٹ کی عزت کو پامال کریں گے تو یہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

عون چوہدری نے کہا کہ جنہوں نے مارا پیٹا وہ سلمان اکرم راجا کے ورکرز تھے، 8 اور 9 کی رات راجا سلمان لوگوں کیساتھ آر او کے دفتر پر دھاوا بولتے ہیں، آراو کو مرضی کے مطابق رزلٹ بنانے کیلئے پریشر ڈالتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں