تسمانیہ: آسٹریلیا کے ایک شہر ڈیونپورٹ میں جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں کے ساتھ جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 5 بچے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ریاست تسمانیہ میں ایک باؤنسی قلعے سے گرنے سے 5 بچے ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ جمپنگ کیسل تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گیا تھا، مرنے والوں میں دو بچیاں اور دو بچے شامل ہیں۔
آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے حادثے کو "دل دہلا دینے والا” قرار دیا، اور کہا کہ ایسے واقعے کے بارے میں تو سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔
یہ حادثہ آج جمعرات کو ایک پرائمری اسکول کے تفریحی دن کے موقع پر ہوا کے تیز جھونکے کی وجہ سے پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے 10 میٹر (32 فٹ) کی اونچائی سے گرے تھے۔
حکام نے بچوں کی عمریں نہیں بتائیں لیکن کہا گیا کہ سبھی پانچوں یا چھٹے گریڈ میں تھے، جہاں عام طور پر 10 سے 12 سال کی عمر کے بچوں پڑھتے ہیں، یہ اگلے سال ہائی اسکول میں جانے کا جشن منا رہے تھے۔
تسمانیہ کے پولیس کمشنر ڈیرن ہائن نے کہا کہ ہوا کے جھونکے نے مبینہ طور پر جمپنگ کیسل اور ہوا کے گیندوں کو فضا میں اچھال دیا تھا۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے رپورٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں جمپنگ کیسل کے کچھ حصے دیکھے جا سکتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تیز ہواؤں سے جمپنگ کیسل اڑ کر حادثہ پیش آیا ہو، ایسے واقعے میں امریکا میں مبینہ طور پر چار بچے زخمی ہوئے تھے، اسپین اور برطانیہ میں بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں بچوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔