تازہ ترین

آسٹریلیا جاسوس طیارے جرمنی میں تعینات کرے گا

برلن : آسٹریلیا ایک معاہدے کے تحت اپنے جاسوس طیارے جرمنی میں تعینات کرے گا، جس کا مقصد یوکرین میں ایک امدادی مرکز کی رہنمائی و حفاظت کرنا ہے۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینبرا نے آسٹریلوی ساختہ جرمن جنگی گاڑیاں بھی جرمنی کو برآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البینی نے بتایا ہے کہ یوکرین کی مدد کے لیے رائل آسٹریلوی فضائیہ کے نگران طیاروں کو جلد ہی جرمنی میں تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ طیارے یوکرین، روس یا بیلاروس کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوں گے اور انہیں ملک میں فوجی اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

آسٹریلوی وزیر اعظم البینی نے جرمن چانسلر اولاف شولس کے ساتھ برلن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ای 7 اے ویج ٹیل طیارے چھ ماہ کی مدت کے لیے تعینات کیے جائیں گے، جس کے لیے آسٹریلیا سے زمینی عملہ اور معاون اہلکار پر مشتمل تقریباً 100 افراد بھی مقرر کیے جائیں گے۔

ویج ٹیل طیارے طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے ریڈار اور ڈیٹا کمیونیکیشنز سے لیس ہوتے ہیں، جو جنگ کی جگہ کا ایک جامع منظر فراہم کرتے ہیں اور تازہ حالات سے متعلق معلومات تک رسائی کو آگے بڑھاتے ہیں۔ یہ طیارے کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کر سکتے ہیں، جو دوستانہ افواج کے آپریشنز کو مربوط کرنے اور ہدایت دینے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ آسٹریلوی وزیر اعظم نے 100 سے زائد آسٹریلوی ساختہ مسلح بردار جنگی گاڑیاں جرمنی کو فراہم کرنے کے ایک اصولی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ کینبرا کی جانب سے دفاعی برآمدی سودوں میں سے یہ ایک بڑا معاہدہ ہے، جس کی مالیت آسٹریلوی معیشت کے لیے ایک ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب یوکرین جنگ کی وجہ سے یورپی ممالک کو اپنے فوجی ساز و سامان کے ذخائر کو بھرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

Comments

- Advertisement -