کینبرا : آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کو افغان وویمن کرکٹ ٹیم کی حمایت سے مشروط کردیا۔
جی ہاں! آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے خواتین کے کھیلوں میں حصّہ نہ لینے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وویمن کرکٹ کی دنیا بھر میں کامیابی کرکٹ آسٹریلیا کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ اگر میڈیا رپورٹس ثابت ہو گئیں کہ ویمن کرکٹ کو افغانستان میں سپورٹ نہیں کیا جائے گا تو افغانستان کی میزبانی نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ نومبر میں آسٹریلیا کی میزبانی میں افغان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سریز کھیلنے کےلیے ہوبارٹ جائے گی۔
واضح رہے کہ ترجمان طالبان احمد اللہ واثق نے خواتین کے کھیلوں میں شریک ہونے سے متعلق کہا تھا کہ افغانستان میں خواتین کے کرکٹ سمیت کھیلوں کی دیگر سرگرمیوں میں شرکت کرنے پر پابندی ہوگی کیوں کہ اس سے بے پردگی عام ہوتی ہے۔
ترجمان طالبان نے کہا تھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان ایسے کسی لباس کی اجازت نہیں دے گی جس سے جسم نمایاں ہو۔