اشتہار

آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 3 بچوں سمیت 4 ہلاک، سنسنی خیز آڈیو سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کینبرا: آسٹریلیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے، طیارہ تباہ ہونے سے قبل پائلٹ سے ہونے والی گفتگو کی ایک سنسنی خیز آڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی شہر کینبرا سے اڑان بھرتے ہی ایک چھوٹا طیارہ ساؤتھ ویلز جاتے ہوئے ایک جھیل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دادا اپنے تین پوتے پوتیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کینبرا سے اڑان بھرتے ہی طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے سبب حادثہ رونما ہوا، یہ واقعہ جمعہ کی سہ پہر 3 بجے کے قریب پیش آیا، جب دیہی فائر سروس کے افسران نے جائے وقوع پہنچ کر آگ پر قابو پایا تو چار سیٹوں والا طیارہ سیرس پوری طرح تباہ ہو چکا تھا۔

- Advertisement -

مقامی پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ طیارہ کینبرا کے ہوائی اڈے سے تقریباً ڈھائی بجے اڑا تھا اور اس میں چار افراد سوار تھے، حادثے کے بعد کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 65 سالہ شخص ایک تجربہ کار پائلٹ تھا، جو اپنے 11 سالہ پوتے اور اپنی نو اور چھ سال کی دو پوتیوں کے ساتھ چار سیٹوں والے سیرس ایس آر 22 پر سوار تھا۔

ایک سنسنی خیز آڈیو نے اُس لمحے کو اپنی گرفت میں لیا جب ہوائی ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹ تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم دوسری طرف ریڈیو پر خاموشی چھا گئی تھی۔ یہ آڈیو ڈیلی میل نے حاصل کی ہے۔ اڑان بھرنے کے لیے جیسے ہی کلیئر کا اشارہ دیا گیا، پائلٹ نے ’’کاپی‘‘ کہا اور ٹیک آف کیا۔

اڑان بھرنے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹ سے کہا ’’نیویگیشن دوبارہ شروع کریں اور کولین تک براہ راست پرواز کریں۔‘‘ پائلٹ نے جواب دیا ’’ڈائریکٹ، کولن، مائیک سیرا فاکسٹروٹ۔‘‘ تاہم یہ پیغام آخری ثابت ہوا، کینبرا ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے بار بار پوچھا جاتا رہا کہ جواب دیں لیکن ’مائیک سیرا فاکسٹروٹ‘ نامی طیارے سے کوئی جواب نہیں ملا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں