ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو حملے کے بعد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے والے رکشہ ڈرائیور کا اہم بیان سامنے آگیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جمعرات کی علی الصبح سیف علی خان کو چاقو حملے کے بعد ایک رکشے کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جیسے ہی سیف علی خان زخمی حالت میں رکشے میں سوار ہوئے تو انہوں نے سوال کیا کہ اسپتال پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا؟ ہم 10 منٹ میں اسپتال پہنچ گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان کو نیند کی گولیاں کس نے اور کیوں دیں؟
بھجن سنگھ رانا نے بتایا کہ میں بھاگ رہا تھا کہ اچانک مجھے گیٹ سے ایک آواز سنائی دی، مین گیٹ کے قریب سے ایک خاتون چیخ رہی تھی کہ رکشہ روکو ، شروع میں مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ سیف علی خان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیف علی خان خود چلنے اور گاڑی میں سوار ہونے کے قابل تھے، وہ خود میری طرف آئے اور آٹو میں بیٹھ گئے، ان کے ساتھ چھوٹا بچہ اور ایک لڑکا تھا۔
’اداکار کی گردن اور کمر سے خون بہہ رہا تھا۔ ان کا سفید کرتہ سرخ ہوگیا تھا اور بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا۔ میں نے کرایہ نہیں لیا کیونکہ مجھے خوشی ہوئی کہ اُس وقت میں ان کی مدد کر سکا۔
دریں اثناء ڈاکٹروں نے بتایا کہ سیف علی خان کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ انہیں دو سے تین دن میں انہیں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔