اسلام آباد: لاہور میں ڈرگ حکام نے ڈسٹری بیوٹر کے دفتر پر چھاپا مار کر ایواسٹین انجیکشن کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔
ڈریپ ذرائع کے مطابق ڈریپ نے صوبائی ڈرگ حکام کے ہمراہ لاہور میں ادویات کے ڈسٹری بیوٹر پر چھاپا مارا، چھاپے کے دوران ڈسٹری بیوٹر کے دفتر سے ایواسٹین انجیکشن کی 110 وائلز برآمد ہو گئیں۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ انجیکشن کے سیمپل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور ارسال کر دیے گئے ہیں، اور ڈریپ نے ڈسٹری بیوٹر کو ایواسٹین انجیکشن کی فروخت سے روک دیا ہے۔
ڈی ٹی ایل لاہور ایواسٹین انجیکشن کی کوالٹی اور سیفٹی چیک کرے گی، اور ڈی ٹی ایل رپورٹ آنے تک ڈسٹری بیوٹر انجیکشن فروخت نہیں کرے گا، ڈریپ ذرائع کے مطابق برآمد شدہ بیچ کے ایواسٹین انجیکشنز لاہور میں غیر قانونی فروخت ہوئے اور جینئس ایڈوانسڈ فارما اسی بیچ کے انجیکشن غیر قانونی فروخت کر رہی تھی۔