اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پرسماعت آج ہوگی ، احتساب عدالت نے مریم نواز کو سات سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال سزا سنائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی اپیلوں پر سماعت آج پھر ہوگی، عدالتی حکم پر رجسٹرار آفس نے مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی اپیلیں آج کے لئے مقرر کر دی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی اپیلوں پر سماعت کرے گا، نیب کی پروسیکوشن ٹیم ، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی جانب سے عرفان قادر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوں گے۔
اسلام آبا ہائی کورٹ میں مریم نواز کی آمد سے قبل سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے اور بی ڈی ایس نے کمرہ عدالت کو چیک کر کے کلیئر قرار دے دیا جبکہ کورٹ روم نمبر 2 کے سامنے سیکیورٹی واک تھرووگیٹ نصب کئے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری ہائی کورٹ کے اطراف تعینات کردی ہے۔
نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدرکی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے اپیل کر رکھی ہے، ہائی کورٹ نے نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی مرکزی اپیل کے ساتھ سننے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم نواز کی ضمانت منسوخی کے لئے دائر نیب درخواست پر سماعت بھی آج ہی کے دن تک کے لئے ملتوی کر دی تھی۔
مریم نواز کی دائر کردہ کرمنل اپیل نمبر 122 دو ہزار اٹھارہ آج سماعت کے لئے مقرر ہے ، احتساب عدالت نے مریم نواز کو 7 سال سزا سنائی تھی جبکہ کیپٹن ر صفدر کی دائر کردہ کرمنل اپیل نمبر 123 دو ہزار اٹھارہ سماعت بھی آج سماعت کےلئے مقرر ہے، احتساب عدالت نے کیپٹن ر صفدر کو 1 سال سزا سنائی تھی۔