بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج ارشدحسین بھٹہ نے کی، سماعت میں ایان علی کے وکیل آفتاب باجوہ، بیرسٹر سرفراز علی اور دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد نواز پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت کی جانب سے کسٹمز افسران سے حلف لیا گیا۔ عدالت نے دریافت کیا کہ بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں؟ ملزمہ کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے۔

- Advertisement -

سماعت میں وکلا اور پراسیکیوٹر سے ملزمہ کے کیس کی تفصیلات اکٹھی کرنے کا آغاز کردیا گیا۔ جج نے ایان علی کے وکیل سے کہا کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل طلب کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں، ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔

کسٹم انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ کراچی گیا تو بتایا گیا ماڈل بہت عرصے سے یہاں آئی ہی نہیں۔ عدالت نے کہا کہ تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادت قلمبند کی جائے۔

عدالت نے کہا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے، مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کی فروخت روکنے پر متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔

عدالت نے ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کرنسی اسمگلنگ کیس کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، کسٹم حکام نے جب ان کا سامان چیک کیا تو اس میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالرز برآمد ہوئے تھے۔

ایان علی کو مقدمہ درج کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا، ان کے کیس کی سماعت کسٹم عدالت میں ہوئی اور عبوری چالان میں ملزمہ کو قصور وار قرار دیا گیا۔

بعد ازاں ایان علی نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور بیرونِ ملک جانے کی اجازت بھی دی تھی۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں