کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی پولیس نے لیاری سیکٹر 35 میں کارروائی کرتے ہوئے 75 سالہ ضعیف بزرگ بابا رمضان کے قتل میں ملوث باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ویسٹ پولیس نے ایک کارروائی میں قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے 4 اکتوبر کو تیسر ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے کے دوران تشدد کر کے ایک پچھتر سالہ شخص بابا رمضان کو قتل کر دیا تھا۔
ایس ایس پی ویسٹ مہزورعلی کے مطابق 4 اکتوبر کو ہونے والے اس جھگڑے کی وجہ وٹے سٹے کی شادی تھی، مقتول پر ان کے داماد بلال اور سمدھی ریاض اور سمدھن ماریہ نے تشدد کیا تھا، جس کی وجہ سے ضعیف العمر بابا رمضان کے سر پر گہری چوٹ لگی تھی۔
جب زخمی کو رکشے میں ڈال کر اسپتال لے جایا جانے لگا تو ملزمان نے انھیں روک لیا، جس کی وجہ سے زخمی بابا رمضان رکشے ہی میں دم توڑ گیا تھا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان قتل کے بعد سے روپوش تھے، ملزمان کے خلاف مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس نے ٹیکنکل بنیادوں پر کارروائی کر کے نامزد ملزمان کو 36 گھنٹوں میں گرفتار کیا، جب کہ کیس میں مطلوب ملزمہ ماریہ کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گرفتار ملزمان میں مقتول کا داماد بلال اور ان کے سمدھی ریاض احمد شامل ہیں۔