اسلام آباد: ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، سینئر قانون دان نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کی جگہ لینے کی اطلاع کو غلط قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر قانون دان بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان سے کل بھی ملے تھے اور آج بھی ملے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مجھے فواد چوہدری کی جگہ لانے کی اطلاعات درست نہیں ہیں، وزیر اعظم سے صرف قانونی اور آئینی معاملات پر بات ہوئی۔
سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں عہدے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، پہلے بھی حکومت میں تھا اب بھی حکومت میں ہوں، عہدہ اپنی مرضی سے چھوڑا تھا، یہ پلانٹڈ اسٹوری لگتی ہے، اس پر قطعی یقین نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نندی پور کیس: راجہ پرویزاشرف اوربابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد
یاد رہے کہ 11 مارچ کو احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، تاہم بابراعوان سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت روزانہ بنیاد پر کی جائے، سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سات ماہ تک میڈیا ٹرائل کو برداشت کیا، اب جب حقیقی ٹرائل کا وقت آیا ہے تو نیب کترا رہی ہے۔